کوئٹہ(وېب نیوز) زیارت کے علاقے مانگی ڈیم فیز تھری میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین اور اہلِ علاقہ کا احتجاجی دھرنا کوئٹہ کے کوئلہ پھاٹک پر سات شہداء کی میتوں کے ہمراہ بدستور جاری ہے۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا کہ اگر بلوچستان میں حالات معمول کے مطابق ہیں تو لوگ اپنے پیاروں کی میتوں کے ساتھ احتجاج پر بیٹھنے پر کیوں مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ زیارت سمیت تمام اہم واقعات کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا مستقل حل محض کمیٹیوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے۔ اختر مینگل نے اعلان کیا کہ متاثرین آئندہ جو بھی احتجاجی لائحہ عمل اختیار کریں گے، بلوچستان نیشنل پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے بلوچستان میں عوامی محرومیوں، وسائل پر حق، لاپتہ افراد اور انصاف کی فراہمی کے مسائل بھی اجاگر کیے۔
