کوئٹہ (وېب نیوز) رکن بلوچستان اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل نے شعبان اور دیگر علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف جاری آپریشن قابلِ ستائش ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور حکومت اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور دہشتگردوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک دشمن پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، جبکہ سیکیورٹی فورسز، پولیس اور عوام کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔
