(ڈیلی صداقت انٹرنیشنل)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا۔اسلام آباد میں معرکہ حق کی کامیابی کی پہلی سالگرہ کی مرکزی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بناکر بے بنیاد الزامات لگائے ۔انہوں نے کہا کہ دشمن کے تاریکی میں کیے حملے کا تاریخی جواب دیا، معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا ۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کہ جس نے معرکہ حق میں فتح عطا کی، مادروطن کے تحفظ کےلیے جام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دشمن کو ہر قسم کی مہم جوئی کے انجام سے آگاہ کیا تھا، ہم نے واقعے کی ہر طرح کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، بزدل دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کردی جس کا بہادر افواج نے تاریخی جواب دیا۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جب ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے تو دشمن کو جان کے لالے پڑگئے، دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا، ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا۔شہباز شریف نے کہا کہ میں 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں، معرکہ حق ہر سال بھرپور جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وطن کے شہدا، ان کے اہلخانہ اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، بہادر مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر کا ذکر نہ کروں تو تاریخ ادھوری رہے گی، ہماری فضائیہ نے دشمن کے دعوؤں کا پول کھول دیا۔اُن کا کہنا تھا کہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں 24 کروڑ عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کےکھڑے رہے۔
