کوئٹہ (ویب نیوز) ہنہ اوڑک کے دہشت گردانہ سانحے اور ضلع زیارت کے علاقے کچھ مانگی فیز تھری میں پیش آنے والے واقعات کے خلاف جاری احتجاجی دھرنے سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آل پارٹیز کانفرنس دھرنا مقام پر نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں مختلف سیاسی جماعتوں، تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کرتے ہوئے ہنہ اوڑک دھرنا کمیٹی کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ شرکاء نے کچھ مانگی میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور لاپتا اہلکاروں کی عدم بازیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتا اہلکاروں کو فوری اور بحفاظت بازیاب کیا جائے، ہنہ اوڑک، زرغون غر، تکتو، شابان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں موجود مسلح گروہوں کا خاتمہ کرکے پائیدار امن یقینی بنایا جائے۔ کانفرنس نے دھرنا کمیٹی کے اس مؤقف کی بھی تائید کی کہ وہ حقیقی فیصلہ سازوں سے مذاکرات کے علاوہ کسی دوسرے نمائندے سے مذاکرات نہیں کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بدھ شام چار بجے دھرنا مقام پر ہونے والے عوامی جلسے میں تمام سیاسی، سماجی، تجارتی اور طلبہ تنظیمیں بھرپور شرکت کرکے دھرنے سے یکجہتی کا اظہار کریں گی۔
