کابل (ویب نیوز) ازبک سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ ازبک میڈیا کے مطابق سرخان دریا کے سرحدی علاقے میں مشترکہ کارروائی کے دوران مشکوک ڈرون کو فضا میں ہی روک کر قبضے میں لیا گیا، جس سے 2 کلو 32 گرام افیون برآمد ہوئی۔ حکام نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ڈرون کے لانچنگ نیٹ ورک، سہولت کاروں اور ممکنہ خریداروں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کی روک تھام اور سرحدی نگرانی مزید مؤثر بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
