مقامی ۹ مئی ۲۰۲۶

قلعہ عبداللہ، غازی عبداللہ خان اچکزئی کی قربانیوں کے بغیر آزادی ممکن نہ تھی، احمد خان

قلعہ عبداللہ( ویب ڈیسک) افغان قومی موومنٹ کے چیئرمین احمد خان نے کہا ہے کہ ذہنی طور پر آزاد قومیں ہی اپنی تاریخ، ثقافت اور خودمختاری کی حفاظت کرتی ہیں اور غازی عبداللہ خان اچکزئی کی جدوجہد نے ثابت کیا کہ قربانی کے بغیر آزادی ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغان ہاس غازی قلعہ میں امان اللہ سلیمان خیل کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ احمد خان نے پہلی اینگلو افغان جنگ (1839-42) کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب برطانوی افواج نے افغان سرزمین پر حملہ کیا تو پشتون قبائل نے اسے اپنی غیرت اور وطن پر حملہ تصور کیا اور اس صفِ اول کی جدوجہد میں غازی عبداللہ خان اچکزئی نے نمایاں ترین کردار ادا کیا۔احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ غازی عبداللہ خان نے اس وقت “جہاد” کا ورد کر کے بکھرے ہوئے قبائل کو منظم کیا اور کابل کے قلعہ بالا حصار کی طرف پیش قدمی کر کے برطانوی سامراج کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ غازی عبداللہ خان کی زندگی اور ان کا نظریہ آج کی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے، کیونکہ انہوں نے صرف دفاعی جنگ نہیں لڑی بلکہ اپنی روایات، وقار اور سیاسی شعور کی بقا کی نظریاتی جنگ لڑی۔ انہوں نے بتایا کہ غازی عبداللہ خان کی تاریخی جدوجہد، جنگی مناظر اور سامراجی نظام سے ٹکرا پر مشتمل تحقیقی کتابوں پر کام جاری ہے تاکہ ان کی قربانیوں کو تاریخ کے سینے میں ہمیشہ کے لیے محفوظ کیا جا سکے۔وفد نے احمد خان کی تاریخی گفتگو کو سراہا اور قومی ہیروز کی یاد کو زندہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔