واشنگٹن (ویب نیوز): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا آج پوری دنیا کے لیے امید کی کرن ہے اور اسے کبھی ناکام نہیں ہونے دیا جائے گا۔ واشنگٹن میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد جشن آزادی میں شریک ہیں، امریکا ایک عظیم قوم ہے اور ہمیشہ عظیم رہے گا۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی آئین اور قومی اتحاد ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں، جبکہ فوج پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے۔ انہوں نے مذہبی آزادی، آئینی حقوق کے تحفظ اور غیرقانونی امیگریشن کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کبھی کمیونسٹ ملک نہیں بنے گا۔ اس موقع پر ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات، آتش بازی اور مختلف سرکاری پروگرام منعقد کیے گئے، جبکہ صدر ٹرمپ نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے خصوصی یادگاری ڈیزائن بھی جاری کیا۔
