خضدار (یو این اے) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور سابق رکن قومی اسمبلی میر عبدالروف مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت انتہائی نازک حالات سے گزر رہا ہے، جہاں سیاسی، معاشی، سیکیورٹی اور سماجی مسائل نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبے کی تمام قومی، جمہوری اور سیاسی قوتوں کو ذاتی اور جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر وسیع تر قومی اتحاد قائم کرنا چاہیے تاکہ عوام کے سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق کا مؤثر دفاع کیا جا سکے۔ انہوں نے خواتین، بچوں اور سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں، اظہارِ رائے پر پابندیوں اور سیاسی مقدمات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار دینے کے بجائے طاقت کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے، جس سے احساسِ محرومی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ میر عبدالروف مینگل نے کہا کہ خطے کی بدلتی صورتحال اور ایران و امریکا کے درمیان کشیدگی کے اثرات بھی بلوچستان پر پڑ رہے ہیں، اس لیے صوبے کے وسائل، قومی تشخص، جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو مشترکہ قومی حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔
