کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے دانہ سر کے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ صحت کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ کر دیا گیا، سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی اور ڈاکٹروں، نرسوں و پیرامیڈیکل عملے کو فوری خدمات انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور محکمہ صحت عوام کو بروقت، معیاری اور مؤثر طبی خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے انجام دیتا رہے گا۔
