کوئٹہ (ویب نیوز) رکن بلوچستان اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل نے دانہ سر کے المناک بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بس کمپنی اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر دیا ہے، جبکہ حادثے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غفلت یا لاپرواہی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مسافر گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹس، ڈرائیوروں کی اہلیت اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
