کوئٹہ (ویب نیوز) سول ہسپتال کوئٹہ میں ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب حملے کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال سے پیدا ہونے والے بحران کے حل کے لیے سینئر ڈاکٹرز نے عملی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ماہرِ نفسیات پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول، پروفیسر ڈاکٹر اشرف اچکزئی، ڈاکٹر عبداللہ خان اچکزئی، پروفیسر سرجن بزم بزنجو، ڈاکٹر خلیل بلوچ اور دیگر سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل وفد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کر کے ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوں سے تفصیلی ملاقات کی۔ وفد نے بتایا کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور جلد قابل قبول حل نکالنے کے لیے اپنی سفارشات متعلقہ حکام کو پیش کی جائیں گی تاکہ ہسپتال میں طبی خدمات مکمل طور پر بحال ہو سکیں اور ڈاکٹر برادری کے تحفظ اور مطالبات پر مؤثر پیش رفت ممکن ہو۔
