پاکستان ۴ جولائی ۲۰۲۶

دیامر بھاشا ڈیم منصوبے میں 25.744 ملین روپے کی مالی بے ضابطگی کا انکشاف

اسلام آباد (ویب نیوز) آڈٹ حکام نے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے میں 2 کروڑ 57 لاکھ 44 ہزار روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ منصوبے کے پی سی ون میں شامل نہ ہونے والے افسران کو اسلام آباد اور لاہور میں تعینات کر کے ان کی تنخواہیں اور الاؤنسز منصوبے کے فنڈز سے ادا کیے جاتے رہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق یہ تقرریاں منظور شدہ قواعد و ضوابط کے خلاف تھیں اور متعلقہ افسران منصوبے پر عملی خدمات بھی انجام نہیں دے رہے تھے۔ آڈٹ نے واپڈا انتظامیہ کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے سفارش کی ہے کہ ایسے تمام غیرقانونی ادائیگیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکا جائے اور منصوبے کے فنڈز سے ادا کی گئی 2 کروڑ 57 لاکھ 44 ہزار روپے کی رقم واپڈا کے کوآرڈینیشن ونگ سے واپس وصول کی جائے۔