مقامی ۳ جولائی ۲۰۲۶

وفاقی محتسب کے حکم پر شہری کو بجلی کے بل میں 418 یونٹس کا ریلیف مل گیا

کوئٹہ (ویب نیوز) وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ کے حکم پر درخواست گزارکبیر احمد کے بجلی کے بل میں 418 یونٹس کا ریلیف فراہم کر دیا گیا۔ درخواست گزار نے شکایت کی تھی کہ کیسکو کی جانب سے انہیں غیر منصفانہ طور پر زائد یونٹس پر مشتمل بجلی کا بل جاری کیا گیا، جبکہ متعدد بار متعلقہ دفتر سے رجوع کرنے کے باوجود ان کی شکایت کا ازالہ نہیں کیا گیا۔ شکایت موصول ہونے پر وفاقی محتسب نے فوری انکوائری شروع کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو طلب کیا۔ سماعت کے دوران محکمہ اپنے مؤقف کے حق میں کوئی تسلی بخش جواب پیش نہ کر سکا، جس پر وفاقی محتسب نے بجلی کے بل کی فوری درستگی کا حکم دیا۔ احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ نے بل کی تصحیح کر دی، جس کے نتیجے میں درخواست گزار کو 418 یونٹس کا ریلیف ملا۔ درخواست گزار نے بروقت اور منصفانہ انصاف کی فراہمی پر وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔