مقامی ۳ جولائی ۲۰۲۶

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں نمازِ جمعہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات

کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں نمازِ جمعہ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔ مساجد اور امام بارگاہوں کے اندر اور باہر پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات رہے، جبکہ نمازیوں کی مکمل تلاشی کے بعد انہیں عبادت گاہوں میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ شہر کے اہم چوراہوں، حساس مقامات اور داخلی راستوں پر بھی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی اور کوئٹہ آنے والی گاڑیوں کی جامع تلاشی لی گئی۔ نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں علما کرام نے ملک میں امن، استحکام، دہشت گردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کرائیں۔ خطباتِ جمعہ میں عوام پر زور دیا گیا کہ وہ باہمی اختلافات ختم کرکے ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد رہیں اور قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیں۔ علما نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور انسانیت کا دین ہے، جبکہ اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔