کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ پولیس نے معروف ریسٹورنٹ مالک محمد ہاشم نورزئی کے قتل کیس میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مقتول کے سابق کاروباری شراکت دار ہیں اور ابتدائی تفتیش میں قتل کی وجہ پرانا مالی تنازع سامنے آیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شک سے بچنے کے لیے احتجاج اور فاتحہ خوانی میں بھی شرکت کی، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیجز، جیو فینسنگ اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی مدد سے انہیں سیٹلائٹ ٹاؤن سے گرفتار کر لیا گیا۔ دوران تفتیش ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا، جبکہ ان کی نشاندہی پر اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی ویگو گاڑی کی تلاش جاری ہے، جس کی نمبر پلیٹ تبدیل کر دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ محمد ہاشم نورزئی کو گزشتہ ہفتے بلیلی کے علاقے میں اس وقت فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا جب وہ کچلاک سے کوئٹہ آ رہے تھے، اور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے واردات سے قبل مقتول کی باقاعدہ ریکی بھی کی تھی۔
