مقامی ۹ مئی ۲۰۲۶

صوبائی وزیر فیصل جمالی کی ہدایت پر ‘معرکہ حق’ ریلی، پاک فوج کے حق میں نعروں سے فضا گونج اٹھی

اوستہ محمد( ویب ڈیسک)صوبائی وزیر لائیو اسٹاک بلوچستان سردار زادہ فیصل خان جمالی کے خصوصی احکامات پر ‘معرکہ حق’ کے سلسلے میں گوٹھ سردار رستم خان جمالی بکھرڑہ سے سردار محمد ہارون خان جمالی کی قیادت میں افواجِ پاکستان کے حق میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ڈپٹی کمشنر آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے بازی کرتے ہوئے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد ہارون خان جمالی، میئر میر مظفر خان جمالی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسماعیل لاشاری اور اسسٹنٹ کمشنر محمد رمضان اشتیاق نے کہا کہ 9 مئی 2025 معرکہ حق کا وہ تاریخی دن ہے جب افواجِ پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ مقررین نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ وطنِ عزیز کی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔