کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی ترجمان دلاور خان کاکڑ، ضلع زیارت کے امیر مولانا نورالحق اور دیگر کارکنوں کو تھری ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لیے نظر بند کر کے مچھ جیل منتقل کرنا سیاسی انتقام، اختیارات کے ناجائز استعمال اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان کے مطابق حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنا رہی ہے، جبکہ جمعیت علمائے اسلام ایک پرامن، آئینی اور جمہوری جماعت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام نظر بندی کے احکامات فوری طور پر واپس لے کر کارکنوں کو رہا کیا جائے، بصورت دیگر جماعت آئینی، جمہوری اور عوامی احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
