کوئٹہ( ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی وپالیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی نورزئی کی قیادت میں “معرکہ حق” کے سلسلے میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جو شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی بلوچستان اسمبلی کے سامنے بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور پاک فوج کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ شرکا نے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنی افواج سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔اس موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی ولی نورزئی نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا کیونکہ اسی دن پاکستان کے بہادر سپوتوں نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر اس کا غرور خاک میں ملایا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کا بچہ بچہ اپنے وزیراعظم اور پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ملک کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ حاجی ولی نورزئی نے مزید کہا کہ ہم اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر کرتے ہیں اور دشمن کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
