مقامی ۲ جولائی ۲۰۲۶

عالمِ اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد ناگزیر ہے، مولانا عبدالغفور حیدری

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے گٹھ جوڑ کے باعث عالمِ اسلام کو امن، معیشت، دفاع اور ترقی کے شعبوں میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں بدامنی، خونریزی اور کشیدگی اسی پالیسی کا تسلسل ہے، جبکہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک ایک دوسرے کو تنہا چھوڑنے کے باعث ظلم، بربریت اور معاشی استحصال کا شکار ہو رہے ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ امتِ مسلمہ کے اجتماعی مسائل کا حل اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد، مضبوط تعلقات اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے میں مضمر ہے۔