کچھی (ویب نیوز) ضلع کچھی کی تحصیل بھاگ کے علاقے چھلگری سے یونین کونسل محرم تک جانے والی گیارہ ہزار کے وی بجلی لائن کی تاریں نامعلوم افراد کاٹ کر لے گئے، جس کے باعث متعدد دیہات شدید گرمی میں بجلی سے محروم ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات بھاگناڑی سے چھلگری ٹو بہرام ابڑو جانے والی بجلی لائن پر گوٹھ وزیر آباد کے مقام پر تقریبا آٹھ سے دس بجلی کے کھمبوں کی تاریں کاٹ کر چوری کی گئیں۔ مقامی افراد کے مطابق ملزمان موٹر سائیکلوں پر آئے اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی گنداواہ، بھاگناڑی، چھلگری، ٹنگوٹی اور بالاناڑی لہڑی فیڈر کی بجلی کی تاریں کئی مرتبہ چوری ہو چکی ہیں، تاہم اب تک مثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے نئے ڈی آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی تاریں چوری کرنے والے عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے، جبکہ چیف کیسکو اور ایکسین سبی سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر نئی تاریں نصب کرکے بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کی جائے تاکہ شدید گرمی میں عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
