کوئٹہ (ویب نیوز) سوئی گیس کمپنی کے نئے ریٹ شیڈول کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار سید نزیر آغا ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نئے گیس نرخ آئینِ پاکستان، خصوصاً آرٹیکل 158، آرٹیکل 7، آرٹیکل 8 اور آرٹیکل 25 سے متصادم ہیں اور بلوچستان کے عوام کے آئینی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نئے ریٹ شیڈول کو کالعدم قرار دیا جائے یا حتمی فیصلے تک اس پر عمل درآمد روکا جائے، جبکہ متعلقہ حکام کو صوبے کے عوام کے آئینی حقوق کے مطابق نئی پالیسی بنانے کی ہدایت دی جائے۔ اس اہم آئینی درخواست پر بلوچستان ہائی کورٹ میں جلد سماعت متوقع ہے۔
