اسلام آباد/کوئٹہ (ویب نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ان کا مقصد کشمیر فتح کرنا نہیں بلکہ کشمیری عوام اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نمائندوں نے مختلف سیاسی شخصیات سے ثالثی کی درخواست کی ہے تاکہ جاری بحران کا پرامن حل نکالا جا سکے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ وہ کشمیریوں اور حکومت دونوں کا مؤقف سننا چاہتے ہیں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومتی سطح پر ان کے وفد کا راستہ روکا گیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مزید پیچیدہ ہوں گے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مذاکرات اور سیاسی مکالمے کا راستہ اختیار کیا جائے۔
