مقامی ۱ جولائی ۲۰۲۶

جمعیت علما اسلام کا بدامنی، دہشت گردی اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد اور دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بڑھتی ہوئی بدامنی، دہشت گردی، ڈکیتی، شاہراہوں پر عدم تحفظ اور حکومتی رٹ کی کمزور صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزارگنجی، سریاب، قمبرانی اور دیگر علاقوں میں جرائم کی بڑھتی وارداتیں عوام کے جان و مال کے تحفظ پر سنگین سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ریڈ زون میں ممتاز تاجر ہاشم خان نورزئی کی دن دہاڑے شہادت اور ہنہ اوڑک کے پہاڑوں میں مسلح گروہوں کی موجودگی امن و امان کی خراب صورتحال کا واضح ثبوت ہے، جبکہ حکومت عوام کو تحفظ دینے کے بجائے محض دعوؤں اور نمائشی اقدامات تک محدود ہے۔ رہنماؤں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری اور مؤثر اقدامات کے ذریعے ریاستی رٹ بحال، شاہراہوں اور شہری علاقوں کو محفوظ اور عوام کو خوف و ہراس کی فضا سے نجات دلائی جائے، کیونکہ عوام اب صرف بیانات نہیں بلکہ امن، انصاف اور مؤثر حکمرانی کے عملی نتائج چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ موجودہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور عوام کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔