کوئٹہ( ویب ڈیسک)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پشتون قومی سیاسی تحریک کے ممتاز رہنما، نامور دانشور اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سابق سینئر ڈپٹی چیئرمین مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل کی نویں برسی کے موقع پر آج بروز اتوار کوئٹہ میں ایک عظیم الشان مرکزی جلسہ عام منعقد ہو رہا ہے۔ یہ جلسہ سہ پہر تین بجے لیاقت پارک میں ہوگا، جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔جلسہ عام سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ مقررین مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل کی سیاسی، فکری، ادبی اور قومی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے اور جمہوری جدوجہد، قومی وحدت اور محکوم اقوام کے حقوق کے لیے ان کے تاریخی کردار کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ پارٹی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی آئین کی بالادستی اور قومی برابری کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ پارٹی نے تمام سیاسی کارکنوں، دانشوروں، طلبا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلسہ عام میں بھرپور شرکت کر کے اپنے قومی رہنما کی فکری و سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کریں۔
