کوئٹہ (ویب نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمان عوام کی امنگوں کی حقیقی ترجمان اور جمہوری نظام کا مضبوط ترین ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط، فعال اور بااختیار پارلیمان ہی مؤثر قانون سازی، شفاف حکمرانی، احتساب اور عوامی نمائندگی کو یقینی بناتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، شفافیت اور جوابدہی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ بلوچستان اسمبلی عوامی مسائل کے حل اور قومی مفاد کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
