مقامی ۲۸ جون ۲۰۲۶

پشتونخوا نیپ اور جے یو آئی کی قیادت کی اہم ملاقات، بلوچستان میں امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تشویش

کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا کی قیادت میں پارٹی کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان، پشتون وطن اور ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، قومی شاہراہوں پر بڑھتے جرائم، غیر قانونی قبضوں اور انتظامی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبے کے مسائل کے حل، امن و استحکام کے قیام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے سیاسی و جمہوری قوتوں کے درمیان مشاورت کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور مستقبل میں بھی مشترکہ اجلاسوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔