مقامی ۲۸ جون ۲۰۲۶

زیارت میں پروسپکٹ پوائنٹ حملے کے خلاف آل پارٹیز کی احتجاجی ریلی، دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز) زیارت کے پروسپکٹ پوائنٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے خلاف آل پارٹیز کے زیر اہتمام ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ احتجاج میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، جمعیت علمائے اسلام، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے اور بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے تمام سیاسی و سماجی قوتیں متحد ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ ریلی کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور علاقے میں پائیدار امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔