کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔ کراچی میں پاک بحریہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور دوست ممالک کے کیڈٹس کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہر مشکل مرحلے پر قومی دفاع میں قابلِ فخر کردار ادا کیا اور معرکۂ حق میں اس کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مفاہمت اور اسلام آباد معاہدہ پاکستان کی مؤثر سفارت کاری کا نتیجہ ہے، جبکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت اور سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیاں دور رس اثرات کی حامل ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دشمن ملک پراکسیز کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان اپنی افواج کے ساتھ مل کر ہر قسم کی بیرونی دہشت گردی کو شکست دے گا۔ انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دورۂ پاکستان کو دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن کا داعی رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
