پاکستان ۲۸ جون ۲۰۲۶

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات

اسلام آباد/کوئٹہ (ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اتوار کے روز اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، اہم قومی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے ملکی استحکام، سیاسی ہم آہنگی اور بلوچستان میں امن و ترقی کے فروغ کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے مشترکہ کردار کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔