کوئٹہ (ویب نیوز) کراچی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے ذمہ دار عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا، جبکہ گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے بھی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ نے گورنر سندھ کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کرکے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ بھارتی پراکسی تنظیم جماعت الاحرار کے دہشت گردوں نے کراچی کے صفورہ میں رینجرز کیمپ پر کیا، تاہم رینجرز کی بروقت جوابی کارروائی میں تین حملہ آور ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کی ابتدائی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔ حملے میں تین رینجرز اہلکار شہید اور چار زخمی ہوئے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچایا جائے گا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
