کوئٹہ (ویب نیوز) کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حملے میں زخمی حالت میں گرفتار مبینہ دہشت گرد نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔ گرفتار ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس کا تعلق افغانستان کے علاقے جلال آباد سے ہے اور وہ تین ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان آیا تھا۔ اس کے مطابق حملے میں شریک ایک ساتھی ہلاک ہو چکا ہے جبکہ حملے میں استعمال ہونے والا اسلحہ وزیرستان سے لایا گیا تھا۔ ملزم نے بتایا کہ حملے سے قبل انہیں ایک زیر تعمیر عمارت میں رکھا گیا تھا اور انہیں رینجرز کیمپ کو نشانہ بنانے کی ہدایات دی گئی تھیں۔ اس نے مزید دعویٰ کیا کہ انہیں پاکستان آنے کے بعد رینجرز کے بارے میں مخصوص نظریاتی باتیں بتائی گئیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
