کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر ڈپٹی چیئرمین اور سابق سینیٹر رضا محمد رضا، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور صوبے میں آزادیٔ صحافت، جمہوری اقدار اور فکری آزادی کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی، کیونکہ پرنٹ میڈیا سیاسی شعور، قومی فکر، جمہوری روایات اور عوامی آگاہی کی بنیاد ہے جبکہ میڈیا کی آزادی ریاست اور عوام کے درمیان مضبوط رابطے کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت چیئرمین سید انور شاہ کر رہے تھے جبکہ وفد میں ڈاکٹر ناشناس لہڑی، میر فاروق لانگو، عاطف خان سدوزئی، کلیم صادق اور سردار شاہ زمان پیرکانی شامل تھے۔ ملاقات میں بلوچستان کابینہ کے حالیہ فیصلوں، مقامی اخبارات کو درپیش سنگین مسائل، اشتہارات کی بندش، مالی بحران اور صحافتی اداروں کے مستقبل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث بلوچستان کے ہزاروں صحافیوں، ہاکرز، کمپوزرز، پرنٹنگ پریس سے وابستہ کارکنوں اور دیگر ملازمین کے بے روزگار ہونے کا خطرہ پیدا ہوچکا ہے جبکہ مقامی اخبارات صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں عوامی مسائل اجاگر کرنے اور ریاست و عوام کے درمیان رابطے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ آزادیٔ صحافت ہر مہذب اور جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور میڈیا پر قدغنیں لگانے سے سیاسی بے چینی اور عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا پرنٹ میڈیا مشکل حالات کے باوجود قومی و عوامی مسائل اجاگر کررہا ہے اور اس کی بقا دراصل جمہوری معاشرے کی بقا ہے، لہٰذا حکومت میڈیا دشمن پالیسیوں سے گریز کرتے ہوئے اخبارات کو درپیش مالی مشکلات کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔ پارٹی رہنماؤں نے واضح کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی صحافیوں، قلمکاروں اور میڈیا ورکرز کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور آزادیٔ صحافت، جمہوری حقوق اور آئینی آزادیوں کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
