پاکستان ۲۵ جون ۲۰۲۶

قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کا سنسر شدہ تقریر پر شدید احتجاج

اسلام آباد(ویب نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اپنی تقریر کے سنسر کیے جانے اور قومی اسمبلی کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایڈٹ شدہ ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے نگہبان کی حیثیت سے سپیکر کا منصب غیر جانبداری کا تقاضا کرتا ہے، نہ کہ سیاسی انداز میں جواب دینے کا۔ محمود خان اچکزئی نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے تحقیق، انصاف اور تقویٰ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ عوامی مفاد، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے ہر اقدام کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے افغانستان کو ایک آزاد اور خودمختار ملک قرار دیتے ہوئے اسے ’’پانچواں صوبہ‘‘ یا ’’اسٹریٹجک ڈیپتھ‘‘ کی پالیسی سے جوڑنے کی مخالفت کی، آزاد عدلیہ، آزاد صحافت اور سیاسی کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ پارلیمان میں اختلافی آوازوں کو دبانا، تقاریر سنسر کرنا اور جمہوری روایات کو نقصان پہنچانا ملک کے سیاسی استحکام اور جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔