اسلام آباد (ویب نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ماضی کی تلخیوں اور غلطیوں کو پسِ پشت ڈال کر میثاقِ جمہوریت کی روایت کو آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں سے غلطیاں ہوئیں، تاہم دونوں جماعتوں نے میثاقِ جمہوریت کے ذریعے سیاسی تعلقات میں بہتری لائی اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کی کوشش کی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ایوان کا تقدس برقرار رکھنا ہر رکن کی ذمہ داری ہے اور جمہوری روایات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئین، پارلیمانی نظام اور جمہوری روایات کو سب سے زیادہ نقصان بانی پی ٹی آئی کے دور میں پہنچا، جبکہ پارٹی کے اندر بھی حقیقی جمہوریت موجود نہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ محمود خان اچکزئی تحریک انصاف کے ارکان کے درمیان بیٹھے عجیب و غریب لگتے ہیں۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ایک فرد کے تابع ہو کر کوئی سیاسی جماعت دیرپا بنیادوں پر نہیں چل سکتی اور جمہوری سیاست کے لیے برداشت، مکالمہ اور باہمی احترام ضروری ہیں۔
