اسلام آباد (ویب نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کے درمیان کشمیر سے متعلق بیان پر گرما گرم بحث ہوئی۔ راجا پرویز اشرف نے کہا کہ خواجہ آصف کی جانب سے راولاکوٹ کے عوام کے بارے میں دیا گیا بیان نامناسب اور کشمیریوں کی توہین کے مترادف ہے، ایسے الفاظ قابل قبول نہیں۔ اس پر جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے بیان کو مکمل سیاق و سباق میں دیکھا جائے، انہوں نے کشمیریوں کی قربانیوں کا ذکر کیا تھا اور وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ صرف برتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر کوئی کشمیری نہیں بن جاتا، بعض عناصر حقوق بھی چاہتے ہیں اور پاکستان کے خلاف بیانات بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر کئی جنگیں لڑیں اور ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو کچھ کہا، ثبوت اور حقائق کی بنیاد پر کہا اور ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
