پاکستان ۲۴ جون ۲۰۲۶

ایران امریکا تکنیکی مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ برگن اسٹاک میں جاری ایران۔امریکا مذاکرات فی الحال عارضی وقفے کا شکار ہیں تاہم تکنیکی سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہوں گے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم ہو چکی ہے جبکہ حتمی معاملات کے تعین کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان بھی تکنیکی مذاکرات کا حصہ ہے اور پاکستان و قطر کی ٹیمیں امریکا اور ایران کے ساتھ رابطے میں رہیں گی۔ ترجمان نے کہا کہ مذاکرات کے لیے تین ورکنگ گروپس قائم کیے گئے ہیں جو نیوکلیئر پروگرام، پابندیوں و منجمد اثاثوں اور لبنان سے متعلق امور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار جاری رکھے گا جبکہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور مشترکہ منصوبوں میں پیش رفت عالمی پابندیوں کے خاتمے سے مشروط ہے۔ انہوں نے افغانستان سے درپیش دہشت گردی کے خطرات، چین کے کردار اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے بھی پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔