پاکستان ۲۴ جون ۲۰۲۶

چند وفاقی وزرا وزیراعظم کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد (ویب نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند وفاقی وزرا وزیراعظم شہباز شریف کی مدد کرنے کے بجائے ان کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں اور شاید ان کا سیاسی انداز ہی ایسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے، جبکہ بعض وزرا کے بیانات قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں اور مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت میں ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ مولانا فضل الرحمان کو بھی مختلف سیاسی معاملات کے حل میں کردار دیا جائے۔ بلاول بھٹو نے ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط بلدیاتی نظام جمہوریت کی بنیاد ہے اور جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے وہاں بلدیاتی نظام فعال ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں بھی مقامی حکومتوں کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔