پاکستان ۲۴ جون ۲۰۲۶

پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کے فروغ سے خطے میں استحکام اور تعاون کو مزید تقویت ملے گی، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کے فروغ سے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ گلگت بلتستان انتخابات سے متعلق سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور ان کی جماعت کی جانب سے تمام متعلقہ شواہد عدالت میں جمع کروا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت قانون اور آئین کے مطابق فیصلہ کرے گی اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔