اسلام آباد (ویب نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے رکن بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کو یکجہتی، استحکام اور سیاسی ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے، جبکہ ایوان اور ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ نکتۂ اعتراض پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ مضبوط پارلیمان اور جمہوری نظام کی حامی رہی ہے اور عوامی مینڈیٹ سے وجود میں آنے والے ادارے ہی ملک کو استحکام فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمزور ادارے کبھی مضبوط نظام کی بنیاد نہیں بن سکتے اور اگر ملک میں حقیقی جمہوریت اور آئینی بالادستی کو فروغ دینا ہے تو قانون کی یکساں عملداری کو یقینی بنانا ہوگا۔ بیرسٹر گوہر خان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی محرومیوں کے خاتمے اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ قومی یکجہتی اور استحکام کو فروغ مل سکے۔
