تازہ ترین ۲۳ جون ۲۰۲۶

ایران امریکہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ سخت مگر حتمی معاہدہ قابلِ حصول ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد(ویب نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ سخت ہوگا، تاہم حتمی معاہدہ قابلِ حصول ہے۔ عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں نے مذاکراتی عمل کو متاثر کیا، لیکن سفارتی کوششوں کے بعد تکنیکی سطح کی بات چیت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ اسحاق ڈار کے مطابق ایران پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم نہیں ہوں گی اور مذاکرات جوہری پروگرام، منجمد اثاثوں اور دیگر امور پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس پورے عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس میں کوئی ذاتی مفاد شامل نہیں۔ ان کے مطابق مذاکرات کے لیے 30 روزہ اور 60 روزہ ٹائم فریم طے کیا گیا ہے جبکہ آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت پر بھی عبوری انتظامات موجود ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اگرچہ اگلا مرحلہ سخت ہوگا لیکن مثبت پیش رفت کے امکانات موجود ہیں۔