تازہ ترین ۲۳ جون ۲۰۲۶

عالمی معائنہ کاروں کو جوہری مقامات کا دورہ کرانے کا ارادہ نہیں، اسماعیل بقائی

تہران(ویب نیوز) ایران وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے خلاف ایران کا ردعمل استقامت، دفاع، وقار اور قومی فخر کی داستان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے اپنی خودمختاری اور قومی عزت کے دفاع کو ہر مرحلے پر اولین ترجیح دی ہے اور فی الحال عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو جوہری مقامات کا دورہ کرانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ اسماعیل بقائی کے مطابق منجمد اثاثوں کے استعمال پر کوئی پابندی نہیں اور ایران انہیں اپنی قومی پالیسی کے مطابق مکمل آزادی سے استعمال کرے گا، جبکہ بیرونی شرائط کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنازع ایران کی خودمختاری اور تہذیبی وجود سے جڑا ہوا ہے اور مذاکرات میں حقیقت پسندی اور باہمی احترام ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی چار فریقی مذاکراتی نشست تقریباً 90 منٹ جاری رہی، جس کے بعد ایران نے براہ راست مذاکرات کے بجائے بالواسطہ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس عمل میں ایران، امریکا، قطر اور پاکستان کے نمائندے شامل تھے۔