کوئٹہ (ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی بلوچ کے خلاف سنائے گئے فیصلوں کے خلاف 24 جولائی کو بلوچستان بھر میں اعلان کردہ شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مذکورہ رہنماؤں کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں گرفتار کرکے اپنے دفاع کے آئینی اور قانونی حق سے محروم رکھا گیا، جبکہ عدالتی کارروائی اور فیصلے کے طریقہ کار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اے این پی نے کہا کہ اختلافِ رائے کو دبانے اور سیاسی آوازوں کو محدود کرنے کی کوششیں جمہوری روایات کے منافی ہیں اور تمام سیاسی کارکنوں، تاجروں، طلبہ، ٹرانسپورٹرز اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ انصاف، آئین کی بالادستی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاجی ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں۔
