کوئٹہ (ویب نیوز) 7ویں محرم الحرام کے موقع پر شبیہ ذوالجناح، علم اور تعزیے کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کلاں سے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر عاشق حسین ہزارہ کی قیادت میں برآمد ہوا۔ جلوس میں مختلف امام بارگاہوں کے سات دستے شریک ہوئے اور یہ اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ کلاں پہنچ کر نماز مغرب کے بعد اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی جبکہ بازار اور دکانیں بھی بند رکھی گئیں۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق جلوس کی حفاظت کے لیے پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ بعد ازاں عاشق حسین ہزارہ نے سیکیورٹی انتظامات پر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چونکہ 9 محرم کو بڑا جلوس نہیں نکلتا، اس لیے موبائل نیٹ ورک بند نہ کیا جائے تاکہ شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
