مقامی ۲۳ جون ۲۰۲۶

پنجگور سے گرفتار ملزم کو عمر قید، مجموعی طور پر 21 سال 5 ماہ قید کا حکم

تربت (ویب نیوز) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پنجگور سے گرفتار ایک ملزم ساجد احمد کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے مجموعی طور پر 21 سال 5 ماہ قید کا حکم دیا ہے۔عدالتی کارروائی کے مطابق کیس انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 کے تحت زیرِ سماعت تھا، جس میں شواہد، گواہوں اور تفتیشی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ملزم کو قصوروار قرار دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم کو 30 نومبر 2025 کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ایک مبینہ منصوبہ بند حملے کی تیاری اور گاڑی میں دھماکہ خیز مواد نصب کرنے سے متعلق معلومات بھی سامنے آئیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑے ممکنہ واقعے کو ناکام بنایا گیا۔ حکام نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں قانون کے مطبق سزا دلائی جائے گی۔