کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام نظریاتی بلوچستان کے صوبائی قائدین کے رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کو طاقت کے بجائے افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ بیان میں مولانا عبدالقادر لونی، مولانا حافظ عبدالاحد کبدانی، مولانا عبدالروف اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ عدلیہ کے متنازع فیصلوں اور حکومتی امتیازی رویے سے ریاستی رٹ متاثر ہو رہی ہے۔ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان میں مسائل کے حل کے لیے سیاسی مذاکرات کے بجائے طاقت کا راستہ اختیار کیا گیا ہے، جس سے حالات مزید بگڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مذاکرات کیے جاتے تو آج حالات اس نہج پر نہ پہنچتے۔ جے یو آئی نظریاتی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے مسائل کا مستقل حل صرف سیاسی مکالمے اور افہام و تفہیم کے ذریعے ممکن ہے اور طاقت کے استعمال کی پالیسی ترک کی جائے۔
