مقامی ۲۳ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ لکپاس میں کسٹم تحویل میں مال کی آتشزدگی کے واقعات مشکوک اور بدعنوانی کی بدترین مثال ہیں، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے لکپاس اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم حکام کی تحویل میں موجود ضبط شدہ مال کی مبینہ آتشزدگی کے واقعات انتہائی مشکوک، قابلِ تحقیقات اور بدعنوانی کی سنگین مثال ہیں۔ پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ عوام اور تاجر برادری یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ سرکاری تحویل میں موجود اربوں روپے مالیت کا سامان چند گھنٹوں میں گاڑیوں سمیت کیسے جل کر خاکستر ہو جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان واقعات کی آڑ میں ممکنہ مالی بے ضابطگیوں اور حقائق کو چھپانے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان کا واقعہ بھی کوئٹہ لکپاس کے واقعے کی طرز پر شفاف تحقیقات کے بغیر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔پشتونخوا میپ نے کسٹم اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے شاہراہوں پر قائم مبینہ غیر قانونی چیک پوسٹوں پر شہریوں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کرنے، گاڑیوں کی بلاجواز تلاشی، ڈیزل نکالنے اور رشوت خوری جیسے الزامات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ حکومت کی خاموشی سے عوامی اعتماد متاثر ہو رہا ہے اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ پارٹی نے وفاقی حکومت، وزارتِ داخلہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ دونوں واقعات کی اعلیٰ سطحی اور عدالتی نگرانی میں فوری تحقیقات کی جائیں اور متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔