کوئٹہ (ویب نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ دو سالہ طویل قانونی جدوجہد کے بعد بالآخر شہید شبیر بلوچ کے کیس میں عدالت سے انصاف مل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں دورانِ ڈیوٹی ایک سیکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کے مقدمے میں عدالت نے فیصلہ سنایا، جس کے بعد حکومتِ بلوچستان کا مؤقف درست ثابت ہوا۔وزیر اعلیٰ کے مطابق یہ واقعہ گوادر میں پیش آیا تھا جہاں احتجاج کے دوران مبینہ طور پر تشدد کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں پر حملے اور تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا اور ایسے عناصر قانون کے مطابق سزا کے مستحق ہیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت شہید اہلکار کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتی ہے اور انصاف کی فراہمی ریاستی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی شرپسند یا پرتشدد عنصر کو ریاست سے بالاتر نہیں ہونے دیا جائے گا۔
