تازہ ترین ۲۳ جون ۲۰۲۶

پاکستان اور قطر کی کوششوں سے لبنان جنگ کے خاتمہ میں بڑی پیشرفت ہو گئی، عباس عراقچی

تہران (ویب نیوز) ایران کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کی کوششوں کے باعث خطے میں امن کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا۔ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق قطر اور پاکستان کی معاونت سے ہونے والے مذاکرات میں متعدد اہم امور پر پیش رفت ہوئی ہے، جن میں بحری راستوں کی سیکیورٹی اور علاقائی کشیدگی میں کمی جیسے معاملات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے نتیجے میں کچھ اقتصادی پابندیوں میں نرمی اور بعض منجمد اثاثوں کی بحالی پر بھی بات چیت آگے بڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت سے متعلق ایک نیا میکنزم تشکیل دینے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مزید اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ عباس عراقچی کے مطابق اگلا مرحلہ عملی نفاذ اور تکنیکی ٹیموں کی پیش رفت پر منحصر ہوگا۔اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ مذاکرات میں حتمی معاہدے کی بنیاد رکھنے اور فریقین کی ذمہ داریوں پر عملدرآمد کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ 60 روزہ روڈ میپ پر بھی ابتدائی اتفاق کیا گیا ہے۔