کوئٹہ (ویب نیوز)قلعہ سیف اللہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ظفر اللہ شاہیزئی کیس میں مطلوب دوسرے شریک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران ملزم محمود خان ولد داد خان، قوم موسیٰ خیل، سکنہ موسیٰ خیل کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی موجودگی کی مصدقہ معلومات حاصل کیں اور بروقت چھاپہ مار کر اسے گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او قلعہ سیف اللہ کے مطابق اس کارروائی میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) قلعہ سیف اللہ نے تکنیکی اور انٹیلی جنس معاونت فراہم کی جس کے باعث ملزم تک رسائی ممکن ہوئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے اور کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مکمل حقائق سامنے آ سکیں، جبکہ حکام نے کہا ہے کہ ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
