مقامی ۲۱ جون ۲۰۲۶

ملازمین مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، گرفتار افراد کی رہائی اور ڈی آر اے الانس منظور کیا جائے: ترجمان

کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ میں بلوچستان گرینڈ الائنس کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ ملازمین اپنے جائز اور آئینی مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور گرفتار شدگان کی فوری رہائی سمیت ڈسپیریٹی ریڈکشن الانس (DRA) کی منظوری کا مطالبہ برقرار رہے گا۔ ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں احتجاجی تحریک جاری ہے اور مختلف سرکاری اداروں میں احتجاجی سرگرمیاں اور لاک ڈاؤن کی صورتحال موجود ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ 17 جون کو کوئٹہ میں پرامن احتجاج کے دوران پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ کے نتیجے میں متعدد ملازمین زخمی ہوئے جبکہ 50 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا گیا جو اب بھی زیرِ حراست ہیں۔ بلوچستان گرینڈ الائنس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کے خلاف تمام کارروائیاں واپس لی جائیں، جبری ریٹائرمنٹ کے اقدامات ختم کیے جائیں اور تمام بنیادی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے، بصورت دیگر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔